نئی دہلی،20؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی پالیسی سے عام آدمی پریشان ہے اور غریبوں کا واحد سہارا بینک سے منریگا کی رقم نکالنا بھی دشوار ہوگیا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’پہلے کیا تغلقی لاک ڈاؤن، کروڑوں مزدوروں کو سڑک پر لے آئے۔ پھر ان کا واحد سہارا منریگا کی کمائی کو بینک سے نکالنا دوبھر (دشوار) کیا۔‘‘ ٹوئٹ کے آخر میں راہل گاندھی یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’صرف باتوں کی ہےمودی سرکار، کچل رہی غریبوں کے ادھیکار۔‘‘
ٹوئٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ منریگا مزدوروں کو اپنی ہی دِہاڑی نکالنے کے لیے بینکوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ یہ خبر ہندی نیوز پورٹل ’جن ستّا‘ میں شائع ہوئی ہے اور ایک سروے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ منریگا مزدوروں کو بینک سے پیسہ نکالنے میں کئی طرح کی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔